سعودی اور قطری وزرائے خارجہ کا ایرانی ہم منصب سے علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال
غیر ملکی خبر رساں ادارے “رائٹرز” کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کو اتوار کو دیر گئے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کا فون آیا، اس دوران انہوں نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل داغنے کے بعد خطے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ،دونوں رہنماؤں کے رابطے میں خطے کی صورت حال میں پیش رفت کے اثرات اور غزہ کی پٹی میں بحران کے پس منظر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا”۔
دوسری جانب قطر کے سرکاری میڈیا کے مطابق، قطر کے وزیر خارجہ نے اتوار کے روز ایرانی وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کے ساتھ بھی ایک کال کی، جس میں خطے میں ہونے والی پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تمام سطحوں پر استحکام کے حصول کے لیے کوششوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 200 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔
حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیاب اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔