سیاحت کے فروغ کیلئے پشاور میں سفاری ٹرین چل پڑی
اردو انٹرنیشنل(مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے صدر ریلوے اسٹیشن پشاور سے بدھ مت کھنڈرات تخت بھائی تک سفاری ٹرین کا انعقاد کیا.
سفاری ٹرین میں کینٹ اسٹیشن سے تخت بھائی کے درمیان تاریخی مقامات کی سیر میں 100 سے زائد فیملیز نے شرکت کی.
اس سیر کا مقصد یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے بدھ مت دور کے تاریخی ورثے کے مقامات کی بھرپور تاریخ کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا تھا.
سفاری ٹرین میں کل 140 مسافروں نے سفر کیا، جس کے دوران انہیں کے پی کے تاریخی مقامات، اس کی ثقافت، روایات اور تخت بھائی کے آثار قدیمہ کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا۔
سفاری ٹرین صبح 9 بجے صدر کینٹ ریلوے سٹیشن سے روانہ ہوئی اور سٹی ریلوے سٹیشن، نصیر پور، پبی اور مردان پر سیاحتی مقامات پر رک کر تخت بھائی ریلوے سٹیشن پہنچی۔
تخت بھائی پہنچنے پر، زائرین کو تخت بھائی کے آثار کی خانقاہ میں لے جایا گیا، جہاں انہیں آثار قدیمہ کے کیوریٹر ڈائریکٹوریٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بدھ مت دور کی عظمت اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
زائرین کو اس علاقے میں صدیوں سے رہنے والے لوگوں کی بھرپور تاریخ، ثقافت اور روایات کو فروغ دینے کے لیے خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔