Prime Minister Shehbaz Sharif leaves for Davos with high-level delegation, meetings with world leaders expected
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق فورم کا یہ سالانہ اجلاس 20 سے 22 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس-کلوسٹرز میں منعقد ہو رہا ہے، جہاں وزیراعظم کی متعدد اہم اور بامعنی مصروفیات متوقع ہیں۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے انفارمل گیادرنگ آف ورلڈ اکنامک لیڈرز کے خصوصی سیشن میں شرکت کریں گے، جس کا موضوع “منقسم دنیا میں مکالمے کی روح کی بحالی” رکھا گیا ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان سے متعلق ایک خصوصی اعلیٰ سطحی بزنس راؤنڈ ٹیبل کی میزبانی اور صدارت بھی کریں گے، جس میں عالمی اور علاقائی کارپوریٹ رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم ڈاووس میں قیام کے دوران عالمی رہنماؤں، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور ممتاز کاروباری شخصیات سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں عالمی اور علاقائی امن، اقتصادی تعاون اور ترقی جیسے اہم امور زیرِ بحث آئیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کریں گے، جبکہ معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں حکومت کی پالیسی، وژن اور حالیہ پیش رفت کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس دنیا بھر کے سیاسی قائدین، کاروباری شخصیات، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے، جہاں موجودہ جغرافیائی سیاسی، معاشی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے۔






