وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے بھیجے گئے پیغامات اور مبارکباد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے اس موقعے پر خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا بھی اظہار کیا۔