President Zardari meets UAE President, stresses increasing cooperation in trade, investment and energy
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور نئی شراکت داریوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر زرداری اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات میں ہیں۔ ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور معاشی و اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر زرداری نے شیخ محمد بن زاید کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے یو اے ای کی جانب سے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امارات کے ساتھ تعلقات کو باہمی مفاد، اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کی بنیاد پر مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس ملاقات میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے۔
صدر زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





