
پولینڈ کے نائب وزیرِ اعظم کا دو روزہ دورۂ اسلام آباد،دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پولینڈ کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ رادوسواف سِکورسکی جمعرات کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
دفترِ خارجہ (ایف او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا پولینڈ کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ، معزز رادوسواف سِکورسکی آج دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سِکورسکی کا استقبال یورپ کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری، پولینڈ کے سفیر، اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔ایک روز قبل دفترِ خارجہ نے بتایا تھا کہ پولینڈ کے وزیرِ خارجہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد کا سرکاری دورہ کریں گے۔دفترِ خارجہ کے مطابق یہ وزیرِ سِکورسکی کا پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہے؛ ان کا پہلا دورہ 2011 میں ہوا تھا۔
دورے کے دوران اسحٰق ڈار اور سِکورسکی کے درمیان ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
دفترِ خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار پر تبادلۂ خیال کیا جائے گااور مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ بھی ہوگی۔
ایف او کے مطابق سِکورسکی کا یہ دورہ پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہےاور اس سے اسلام آباد کا یہ عزم مزید مضبوط ہوتا ہے کہ وہ وارسا کے ساتھ باہمی مفاد کے لیے تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
جولائی میں پاکستان اور پولینڈ نے طے کیا تھا کہ وہ اعلیٰ سطحی دوروں، پارلیمانی روابط اور مکالمے کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ یہ اتفاقِ رائے دونوں ممالک کے درمیان نواں دوطرفہ سیاسی مشاورت اجلاس کے دوران وارسا میں ہوا تھا۔
ان مشاورتوں میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی، جن میں جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ کی صورتِ حال شامل تھی۔
یہ بھی طے پایا کہ اگلا دورِ مشاورت 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔