اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق حکومتی ہدایات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی کی پاکستان میں میزبانی کے حوالے سے سخت موقف اپنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حکومتی ہدایات کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط بھیجا ہے جس میں انہیں اس معاملے پر حکومت پاکستان کے سخت موقف سے آگاہ کیا گیا ہے۔
خط میں آئی سی سی سے بھارت کے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کے حوالے سے وضاحت کی بھی درخواست کی گئی ہے اور ان کے موقف کے پیچھے ٹھوس وجوہات پوچھی گئی ہیں۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ پی سی بی نے خط میں واضح کیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں منعقد ہوگی، اور ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
پی سی بی نے سوال کیا کہ بھارت پاکستان کا سفر کرنے سے کیوں انکار کر رہا ہے جب کہ دیگر ٹیمیں رضامند تھیں۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ چیمپیئنز ٹرافی اب بھی بھارت کے بغیر منعقد ہو سکتی ہے، ضرورت پڑنے پر ان کی جگہ کسی اور ٹیم کو مدعو کیا جائے۔