اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمن فٹسال ٹیم آئندہ سال جنوری میں پہلی مرتبہ ایشین فٹسال کپ کوالیفائرز میں حصہ لے گی۔ ایشین فٹسال فیڈریشن کی جانب سے کوالیفائرز کے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ہی گروپ، گروپ بی، میں شامل ہیں۔
گروپ بی کے میچز کی میزبانی انڈونیشیا کرے گا، جہاں پاکستان کا مقابلہ بھارت، انڈونیشیا، ہانگ کانگ اور کیرغیزستان سے ہوگا۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 11 جنوری کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی، 13 جنوری کو کیرغیزستان، 17 جنوری کو انڈونیشیا کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ 19 جنوری کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ اہم میچ ہوگا۔
کوالیفائرز میں شامل چار گروپس کی دو، دو ٹاپ ٹیمیں اور ایک بہترین تیسری ٹیم مئی 2025 میں چین میں ہونے والے ایشین کپ میں جگہ بنائیں گی۔ یہ پاکستان ویمن فٹسال ٹیم کی تاریخ میں پہلی بار ایشین سطح کے مقابلے میں شرکت ہوگی۔