پاکستان کی عمان کے شہر مسقط میں دہشت گردی کے بزدلانہ واقعہ کی شدید مذمت
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے عمان کے شہر مسقط میں دہشت گردی کے بزدلانہ واقعہ کی شدید مذمت کی ہے،دہشت گردی کے واقعہ میں 4 پاکستانیوں سمیت متعدد افراد شہید ہوگئے۔
منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے عمان کے شہر وادی کبیر کی مسجد امام علی بن ابی طالب میں دہشت گرد حملہ کی مذمت کی ہے،پاکستان نے عمان کو تحقیقات اور دہشت گردوں کو کٹہرے میں لانے کے لئے مکمل تعاون کی پیش کش کی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 30زخمی پاکستانی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔پاکستان کے سفیر عمران علی نے زخمیوں کی خیریت دریافت کرنے کے لئے مقامی ہسپتالوں کا دورہ کیا۔
پاکستانی سفیر لاشوں کی شناخت اور ان کی وطن واپسی کے لئے عمانی حکام سے رابطے میں ہیں۔عمان میں پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔