پاکستان نے تصدیق کی ہےکہ ایران نے میزائل حملے سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 2 بچے ہلاک اور 3 بچیاں زخمی ہوئیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے رات گئے ایک بیان میں کہا، “ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں بلایا گیا ہے تاکہ وہ پاکستان کی خودمختاری کی اس کھلم کھلا خلاف ورزی کی سخت ترین مذمت کریں اور اس کے نتائج کی ذمہ داری پوری طرح سے ایران پر عائد ہوگی۔”
پاکستان کی جانب جاری کردہ سرکاری بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ اور بھی تشویشناک بات ہے کہ فضائی دراندازی کا عمل پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز موجود ہونے کے باوجود پیش آیا ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے پہلے ہی تہران میں ایرانی وزارت خارجہ میں متعلقہ سینئر عہدیدار کے پاس شدید احتجاج درج کرایا جا چکا ہے۔
دوسری جانب پنجگور کے مقامی انتظامیہ کے مطابق 4 میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں مساجد اور گھروں کو نقصان پہنچا اور کریم داد عرف ادریس کی 8 اور 12 سال کی دو بیٹیاں جاں بحق ہوگئیں۔
کریم داد کی اہلیہ سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنکو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے.