Oracle makes sudden major layoffs, thousands of employees receive early morning layoff notices
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نیو یارک پوسٹ خبر کے مطابق عالمی ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کارپوریشن نے بڑے پیمانے پر چھانٹیاں کرتے ہوئے ہزاروں ملازمین کو اچانک ملازمتوں سے فارغ کر دیا، جس سے کمپنی کے اندر شدید بے یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 6 بجے ملازمین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ کمپنی کی تنظیمی تبدیلیوں کے تحت ان کی پوزیشن ختم کر دی گئی ہے اور وہ اسی دن سے فارغ تصور ہوں گے۔ ای میل میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ کاروباری ضروریات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یہ اقدام دنیا بھر میں کمپنی کے مختلف دفاتر کو متاثر کرتا ہے، جن میں امریکا، بھارت اور کینیڈا شامل ہیں۔ لیری ایلیسن کی سربراہی میں کام کرنے والی اس کمپنی نے برطرفیوں کی درست تعداد ظاہر نہیں کی، تاہم ذرائع کے مطابق متاثرہ ملازمین کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
ملازمین کو یہ بھی بتایا گیا کہ وہ کمپنی کی پالیسی کے مطابق سیورنس پیکج کے اہل ہو سکتے ہیں، جبکہ آئندہ رابطے کے لیے ان سے ذاتی ای میل ایڈریس فراہم کرنے کو کہا گیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ردعمل میں ملازمین نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کئی افراد نے اسے اچانک اور غیر متوقع قرار دیا، جبکہ کچھ نے دعویٰ کیا کہ طویل عرصے سے کام کرنے والے ملازمین کو بھی بغیر پیشگی اطلاع کے فارغ کر دیا گیا۔





