شام حملے کے بعد اسرائیل کا کوئی سفارتخانہ محفوظ نہیں، ایران
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے مشیر رحیم صفوی نے خبردار کیا ہے کہ شام میں اس کے سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد صہیونی ریاست کے سفارت خانے اب محفوظ نہیں ہیں۔
ایران میں اسلامی انقلابی گارڈ کورپس، آئی آر جی سی کے سابق کمانڈر اور رہبر انقلاب اسلامی کے اعلیٰ مشیر رحیم صفوی کی جانب سے اس دعوے کے بعد کہ اسرائیل کا کوئی بھی سفارت خانہ محفوظ نہیں ہے اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ان کا ملک کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ یکم اپریل کو ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصل خانے کی عمارت پر اسرائیلی حملے میں تنظیم کے دو سینیئر کمانڈرز سمیت سات اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
ایران نے دمشق میں پیر کو ہونے والے فضائی حملے کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا حملے میں ایرانی سفارت خانے سے ملحقہ عمارت کو زمین بوس کردیا تھا، حملے میں 2 جنرلوں سمیت اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے 7 ارکان مارے گئے تھے۔
ایرانی پاس دارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر یحیٰ رحیم صفوی کی طرف سے اسرائیلی سفارت خانوں کے لیے خطرات اور بندش سے متعلق بیان پر اپنے ردِعمل میں اسرائیلی وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
رحیم صفوی کے مطابق مصر، بحرین، ترکی اور اردن سمیت 27 ملکوں میں اسرائیلی سفارت خانے خوف کے باعث بند کردیے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جنگی یونٹوں کی چھٹیاں منسوخ کرکے فضائیہ کے ریزرو دستے بھی بلالیے ہیں۔ دنیا بھر میں اسرائیلی سفارت خانوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔