اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے فاسٹ باولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ٹیم کی پرجوش کارکردگی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس سے انہیں دوسرے ون ڈے میں زبردست واپسی کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں پہلے ون ڈے میں 203 رنز کے معمولی مجموعے کا دفاع کرتے ہوئے گیند کے ساتھ پرجوش کارکردگی کے بعد دو وکٹ سےہارا.
سیریز کا دوسرا میچ 8 نومبر (کل) ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا ون ڈے 10 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔
جمعرات کو ایڈیلیڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم نے بتایا کہ ٹیم نے آخری میچ میں ہونے والی کوتاہیوں پر بات کی اور سیریز برابر کرنے کے لیے دوسرا ون ڈے جیتنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
نسیم نے کہا کہ ہم نے گزشتہ میچ سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اگلے گیم میں ان سبق کو درست کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
پوری ٹیم بیٹھی اور آنے والے میچوں میں بہتری لانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہم نے اپنی بلے بازی کی غلطیوں کا تجزیہ کیا اور ان کو بہتر بنانے کا ارادہ کیا۔ ہماری باؤلنگ کی کوشش شاندار تھی، اور ہم اسے مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے دوران درد کی وجہ سے نسیم شاہ کو آٹھویں اوور میں دو گیندوں کے بعد میدان چھوڑنا پڑا۔
واضح رہے کہ ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 14 نومبر سے ہونا ہے۔