
More than seven killed in stampede at India's Maha Kumbh festival, official says Photo-Reuters
ہندوستان میں مہا کمبھ میلے کے دوسرے روز عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد پریاگ راج رہی تھی، جہاں تین دریاؤں گنگا، یمنا اور سرسوتی کا سنگم(ملاپ) ہوتا ہے۔ اسی دوران اچانک دھکم پیل شروع ہوگئی، جس کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے اور بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں سات سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 10 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ حادثہ دوپہر ایک بجے کے قریب پیش آیا، لیکن ابھی تک حادثے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
ڈرون تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ عقیدت مند بڑی تعداد میں علی الصبح غسل کے لیے پریاگ راج آ رہے تھے جس دوران بھگدڑ مچی۔ جبکہ حادثے کے بعد کی ڈرون تصاویر میں دیکھا گیا ہے کہ لاشوں کو اسٹریچرز پراٹھایا جا رہا تھا، اور کچھ لوگ زمین پر بیٹھے رو رہے تھے۔
پٹنہ کے ایک شہری وجے کمار، جو حادثے کے وقت وہیں موجود تھے، انہوں نے بتایا کہ سامنے رکاوٹیں تھیں اور پیچھے سے لوگ دھکے دے رہے تھے۔ اس دھکم پیل میں کئی لوگ گر گئے۔ انہوں نے کہا، “چاروں طرف لوگ زمین پر پڑے تھے، مجھے نہیں معلوم کہ وہ زندہ تھے یا مر چکے تھے۔”
اسی طرح، ایک خاتون جو اس بھیڑ کا حصہ تھیں، نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ وہ اور ان کی ماں بھی اس حادثے کا شکار ہوئیں۔ خاتون کے مطابق، جب وہ زمین پر گریں تو لوگ ان پر چلتے رہے۔ وہ تو کسی طرح بچ گئیں، لیکن ان کی ماں جانبر نہ ہو سکیں۔
اس حادثے کے بعد، ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کی خدمات حاصل کی گئیں اور حکام نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جاسکے اور صورتحال کو قابو میں لایا جا سکے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے بات کی اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنگم کی طرف جانے کی کوشش نہ کریں بلکہ قریبی دریا کے کنارے غسل کریں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی ایک پیغام میں کہا کہ “عوام کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے اور تعاون کرنا چاہیے۔”
واضح رہے، مہا کمبھ میلہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع سمجھا جاتا ہے، اور اب تک اس میں تقریباً 200 ملین لوگ شرکت کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق انڈیا کی کئی مشہور شخصیات جن میں میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، معروف صنعتکار گوتم اڈانی، اور بین الاقوامی بینڈ کولڈ پلے کے گلوکار کرس مارٹن اور اداکارہ ڈکوٹا جانسن نے بھی اس میلے میں شرکت کی ہے ۔