اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ماسٹر پینٹس نے لاہور کے جناح پولو فیلڈز میں ایک دلچسپ فائنل میچ میں ڈائمنڈ پینٹس کو 7-5 سے شکست دے کر پنک پولو کپ 2024 کی ٹرافی جیت لی۔ فائنل میچ دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عاطف بن اکرم تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اور ساتھ ہی کلب کے سیکرٹری میجر (ر) علی تیمور، پولو کے کھلاڑیوں اور متعدد خاندانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
فائنل میچ سے پہلے، لڑکیوں کا ایک نمائشی میچ کھیلا گیا، جس کے بعد پاکستان کے پہلے بڑے جانوروں کے اسپتال “راؤنڈ لیک اسپتال” کا افتتاح ہوا۔ اس کے علاوہ خیمہ لگانے کے مقابلے بھی منعقد ہوئے، جو سنسنی سے بھرپور تھے۔
فائنل میچ میں ماسٹر پینٹس نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ ماسٹر پینٹس کی جانب سے امیر رضا بہبودی نے چار گول کر کےٹاپ اسکورر رہے، جبکہ صوفی محمد ہارون اور ماریہ کینڈیلریا نے بالترتیب دو اور ایک گول کیا۔ دوسری جانب، ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے جلال ارسلان نے تین اور میر حذیفہ احمد نے دو گول کیے۔
اس سے پہلے، سبسڈری فائنل میں شیخو اسٹیل نے نیواج کیبل کو 5-4 سے شکست دی۔ شیخو اسٹیل کی طرف سے آغا موسیٰ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تین گول کیے، جبکہ سیلی کیکٹس اور عثمان عزیز انور نے ایک ایک گول کیا۔ نیواج کیبل کی طرف سے عمر اسجد ملہی نے دو، اور عدنان جلیل اعظم اور المان جلیل اعظم نے ایک ایک گول کیا۔