مانچسٹر سٹی کے روڈری اور بارسلونا کی بونماتی نے ’بیلون ڈی اور‘ ایوارڈ جیت لیا، ریال میڈرڈ کا بائیکاٹ
اردو انٹرنیشنل ( اسپورٹس ڈیسک) 68 ویں ’بیلون ڈی اور‘ ایوارڈز کی تقریب فرانس کے شہر پیرس میں منعقد ہوئی جہاں سال کے بہترین فٹبالر کا بیلون ڈی اور ایوارڈ مانچسٹر سٹی کے روڈری اور بارسلونا کی آیتانا بونماتی نے جیت لیا۔
یہ پہلا موقع تھا جب بیلون ڈی اور کے دونوں فاتح کا تعلق ایک ہی ملک یعنی اسپین سے ہے۔
گزشتہ سال یہ ایوارڈ لیونل میسی نے ریکارڈ 8ویں بار جیتا تھا۔
تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ میسی اور کرسٹیانو رونالڈو جو 2003 سے اب تک 13 بار یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں، کسی بھی کیٹیگری میں نامزد نہیں تھے۔
28 سالہ روڈری نے پہلی بار یہ ایوارڈ جیتا، انہوں نے مانچسٹر سٹی کو پریمیئر لیگ جتوانے اور اسپین کو جولائی میں یورپی چیمپئن شپ میں کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب ریال میڈریڈ کے ونگر ونیشیئس جونیئر دوسرے اور مڈفیلڈر جوڈ بیلنگہم تیسرے نمبر پر رہے۔
تاہم اپنے کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کے باوجود ریال میڈریڈ نے اپنے وفد کو پیرس جاکر فرانس فٹبال کے زیراہتمام ہونے والی ایوارڈ تقریب میں شرکت سے روک دیا، کیونکہ ان کے خیال میں ونیشیئس جونیئر کو اس سال بہترین فٹبالر کا اعزاز ملنا چاہیے تھا۔
رپورٹس کے مطابق تقریب سے قبل ہی ریال میڈرڈ نے بیلون ڈی اور انتظامیہ کے فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا، کیونکہ 24 گھنٹے پہلے کی جانے والی ووٹنگ میں بھی ونیسیئس جونیئر کا نام سرِفہرست تھا لیکن ایوارڈ سے کچھ گھنٹے قبل لیک ہونے والی فہرست میں روڈری پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے۔
جب ریال میڈرڈ کو یقین ہوگیا کہ اس سال گولڈن بال ونیسیئس جونیئر کو نہیں ملے گی تو انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں اور دیگر اسٹاف پر مشتمل وفد کی فلائٹ کینسل کردی اور تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔
26 سالہ آیتانا بونماتی نے اپنی جیت برقرار رکھتے ہوئے مسلسل دوسری بار یہ ایوارڈ جیتا۔
انہوں نے بارسلونا کو ہسپانوی لیگ، ہسپانوی کپ اور چیمپئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بونماتی نے لگاتار دو سیزنز میں 19 گول اسکور کیے، اور اسپین کے لئے پانچ میچز میں پانچ گول کرکے اپنا انٹرنیشنل اسکور 26 تک پہنچایا۔
کوپا ٹرافی
بارسلونا کے لئے یہ رات مزید خوشیاں لائی جب نوجوان کھلاڑی لامین یامل نے یورپی چیمپئن شپ میں سب سے کم عمر میں گول اسکور کرکے کوپا ایوارڈ حاصل کیا۔
یاشن ایوارڈ
ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی مارٹینزنے بہترین گول کیپر کا یاشن ایوارڈ دوسری دفعہ جیت لیا۔
بہترین کلبز
سیزن کے بہترین کلب کا ایوارڈ ریال میڈریڈ کے نام رہا تاہم ریال میڈرڈ کے بائیکاٹ کی وجہ سے کوئی تقریر نہیں ہوئی، جبکہ خواتین کے بہترین کلب کا ایوارڈ بارسلونا نے جیت لیا ۔
گرڈ مولر ایوارڈ
سال کے بہترین اسٹرائیکر کا گرڈ مولر ایوارڈ انگلینڈ اور بائرن میونخ کے فارورڈ ہیری کین اور فرانس اور ریال میڈریڈ کے کیلن ایمباپے کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ سیزن 52، 52 گولز اسکور کیے تھے۔ کیلن ایمباپے کی عدم موجودگی میں صرف ہیری کین نے اپنا ایوارڈ وصول کیا۔