لبنانی حکام نے بیروت ہوائی اڈے سے پروازوں میں واکی ٹاکی اور پیجر پر پابندی لگا دی ۔ یہ فیصلہ منگل کو حزب اللہ پر ہونے والے حملے کے بعد کیا گیا کیونکہ حملے میں سے بہت سے آلات پھٹنے کے بعد کافی جانی نقصان ہوا۔
لبنان کے سویلین ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ نے ایئر لائنز سے کہا کہ وہ مسافروں کو اس پابندی کے بارے میں مطلع کریں، جو اگلے اطلاع تک برقرار رہے گی۔ ان آلات کو ہوائی جہاز کے ذریعے بھیجنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یاد رہے لبنان میں ہونے والے پیجر حملوں میں ، کم از کم 37 افراد ہلاک اور 3,000 سے زیادہ زخمی ہوئے جب حزب اللہ کے زیر استعمال واکی ٹاکیز اور پیجرز منگل اور بدھ کو دو الگ الگ واقعات میں پھٹ گئے۔
ایران کی حمایت یافتہ ایک طاقتور گروپ حزب اللہ کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ تھا، لیکن اسرائیل نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
جمعرات کو، لبنانی فوج نے کہا کہ وہ مختلف علاقوں میں مشکوک پیجرز اور ٹیلی کام ڈیوائسز کو بحفاظت دھماکے سے اڑا رہے ہیں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ڈیوائس کی اطلاع دیں جو مشکوک معلوم ہو۔