کے پی کے :دیر بالا میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں ایک مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے 9 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کی صبح اپر دیر کے علاقے میدان میں پیش آیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا کہ تمام 12 لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں اور انہیں طبی قانونی کارروائیوں کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں دو خواتین، ایک مرد اور نو بچے جانبحق ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان کے محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں تیز آندھی کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ایک بیان میں، محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس دوران سندھ، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان، شمال مشرقی/وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کے پی، گلگت بلتستان (جی بی) اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ موسلادھار بارش مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور جی بی میں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔