اگلا وزیراعظم اور وزیراعلی دونوں جیالے ہونگے،بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مردان میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتخابات میں کامیابی کے بعد ایک ایسا عوامی راج قائم کرنا ہے جس میں مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کی حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جب تک میں ہر گھر تک روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار نہیں پہنچاتا ہوں تب تک یہ ہی ہمارا نعرہ، فلسفہ اور نظریہ رہے گا، انشاء ﷲ 8 فروری کو ہمارا نعرہ، منشور اور تیر کامیاب ہوگا جس کے بعد جیالا وزراعظم اور جیالا وزیراعلی ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے غریب اور پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے ہر دور میں اس ملک کے عوام کی خدمت کی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا منصوبہ ہے کہ مزدور کارڈ متعارف ہو جس کہ ذریعے مزدوروں کی صحت، ان کے بچوں کی تعلیم اور تمام معاشرتی تحفظ کے فوائد ان تک براہ راست پہنچائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مثالی پروگرام کہا جاتا ہے۔،ہم نے اس کو مزید بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی اور غربت کا حل صرف اور صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔