بیرسٹر گوہر سے زیادہ تجربہ کار ہوں، عمران خان کے بعد عہدہ میرے پاس ہے،لطیف کھوسہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر قانون دان اور تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر لطیف کھوسہ نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے اور میں پارٹی کا سینئر نائب صدر ہوں عمران خان کے بعد عہدہ میرے پاس ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نواز شریف نہیں ہیں کہ عدالتیں ہمارے لیے چشم براہ بیٹھی ہوں، توشہ خانہ کیس میں سیشن جج کا ٹرائل بلا اختیار تھا، توشہ خانہ کیس میں جو سزا دی گئی تھی وہ غلط تھی، یہ ججمنٹ نہیں عبوری آرڈر تھا جس کی تصحیح کی جاسکتی ہے، جس سزا کو معطل کیا گیا اسی کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا، الیکشن کمیشن نے 30دن انتظار کرنے کے بجائے 3دن میں ہی نااہل کردیا۔
علاوہ ازیں لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہیں نہیں لکھا کہ عمران خان الیکشن نہیں لڑسکتے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی دلوں کی دھڑکن ہیں انھیں مائنس نہیں کیا جاسکتا، ٹرمپ کیخلاف فیصلے کو بھی وہاں کی سپریم کورٹ معطل کردے گی۔ حال ہی میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے لطیف کھوسہ نے کہا کہ فیصلے میں یہ نہیں لکھا کہ سربراہ پی ٹی آئی الیکشن نہیں لڑسکتے۔اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلزپارٹی کے رہنما آزاد حیثیت میں بھی الیکشن جیتے۔ پی ڈی ایم رہنما عوام میں جائیں گے تو انھیں حقیقت پتا چل جائےگی۔ ذوالفقار بھٹو کی ٹکٹ پر 1970 میں کھمبا بھی الیکشن جیت جاتا تھا۔ آج بھی ذوالفقاربھٹو کے الیکشن والی ہی کیفیت ہے۔