حماس نے یحییٰ سنوار کی ہلاکت کی تصدیق کردی

0
63

حماس نے یحییٰ سنوار کی ہلاکت کی تصدیق کردی

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) حماس نے اپنے سربراہ یحییٰ سنوار کی اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہادت کی تصدیق کردی، حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے بھی اپنے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق غزہ میں حماس کے نائب سربراہ اور چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ نے جمعے کو ایک بیان میں یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یحییٰ سنوار نے اپنی زندگی کے آخری لمحے تک صف اول میں رہتے ہوئے ہاتھ میں ہتھیار اٹھا کر اسرائیلی فوج سے جنگ لڑی اور اس کا مقابلہ کیا۔‘

عرب میڈیا کے مطابق حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یحییٰ سنوار اسرائیلی فورسز سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے۔

خلیل الحیہ نے کہا کہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے فلسطینی مزاحمتی تحریک نے مزید جوش پکڑ لیا ہے، یحییٰ سنوار کی شہادت غاصب اسرائیل کےلیے تباہی کا پیغام ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کے بغیر یرغمال اسرائیلیوں کی واپسی نہیں ہوگی، اسرائیل کو ہر صورت میں جنگ روکنے کے ساتھ غزہ سے فوج کو نکالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سنوار نے جیل سے نکلنے کے بعد اپنی سخاوت اور ایثار کا سلسلہ جاری رکھا، یہاں تک کہ وہ جام شہادت نوش کر گئے، یحییٰ سنوار بانی شیخ احمد یٰسین کے نقش قدم پر چلنے والے عظیم شہدا کے کارواں کا تسلسل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے سربراہ یحیٰ سنوار بدھ کو جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہوگئے ہیں، اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کے آخری لمحات کی ڈرون فوٹیج بھی جاری کی تھی۔