اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق یورپی عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ فیفا کے کچھ قوانین، جو فٹبال میں کھلاڑیوں کی منتقلی (ٹرانسفر) کے متعلق ہیں، یورپی یونین کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سابق چیلسی اور آرسنل کے مڈفیلڈر، لسانا دیارا، اور فیفا کے درمیان ایک طویل قانونی جنگ ہوئی، جس کا اختتام یورپی عدالت نے دیارا کے حق میں فیصلہ دے کر کیا۔
دیارا کے وکلاء نے عدالت میں یہ موقف پیش کیا کہ فیفا کے موجودہ ٹرانسفر قوانین کھلاڑیوں کو ایک کلب سے دوسرے کلب میں جانے کی آزادی کو محدود کرتے ہیں اور کلبوں کے درمیان کھلاڑیوں کی نقل و حرکت (یعنی کھلاڑیوں کے نئے کلب میں جانے) میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔ یہ قوانین یورپی یونین کے اصولوں کے خلاف ہے ، اس وجہ سے عدالت نے دیارا کے حق میں فیصلہ دیا۔
عدالت نے 2015 کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب دیارا کو بیلجیئم کے کلب چارلیروئی میں منتقل ہونے کے لیے بین الاقوامی ٹرانسفر سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کیا گیا تو فیفا کے اس عمل سے ظاہر ہوا کہ یہ قواعد “پیشہ ور فٹبالرز کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ہیں، جو اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کے لیے ایک نئے کلب میں جانا چاہتے ہیں۔”
عدالت نے کہا کہ فیفا کے موجودہ قوانین کا مقصد کھلاڑیوں کی ایک ملک سے دوسرے ملک منتقلی کو محدود کرنا یا روکنا ہے، جو کہ غیر قانونی ہے۔
لہٰذا، عدالت نے حکم دیا ہے کہ فیفا اپنے بین الاقوامی ٹرانسفر سرٹیفکیٹ سسٹم کو اس طرح استعمال نہیں کر سکتا کہ کھلاڑیوں کو اپنی مرضی کے مطابق دوسرے کلب میں جانے سے روکا جائے۔ فیفا کو اپنے موجودہ ٹرانسفر قوانین پر نظر ثانی کرنی ہوگی تاکہ وہ یورپی یونین کے قوانین کے مطابق ہوں۔