انگلینڈ بمقابلہ پاکستان :انگلینڈ کی تیسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں
اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے منگل کو پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کرتے ہوئے لائن اپ میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
ملتان میں اسپن پچ پر پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 152 رنز کی عبرتناک شکست کے بعد، انگلینڈ نے سیریز کے فیصلہ کن میچ کے لیے لیگ اسپنر ریحان احمد کو اپنی پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا انتخاب کیا۔
آخری ٹیسٹ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا اور توقع ہے کہ پچ اسپن باولر کی مدد کرے گی۔
ریحان فروری میں بھارت کے خلاف کھیلنے کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے وہ ساتھی اسپنر شعیب بشیر اور جیک لیچ کو جوائن کریں گے جنہوں نے سیریز کے پہلے دو میچ کھیلے تھے۔
اس دوران تیز گیند باز گس اٹکنسن بھی دوسرے میچ میں باہر ہونے کے بعد تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں واپس آئیں گے انہوں نے انگلینڈ کی غالب پہلی ٹیسٹ فتح میں چار وکٹ حاصل کیں تھیں۔
پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے برائیڈن کارس اور دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے میتھیو پوٹس تین میچوں کی سیریز کے فائنل سے باہر ہو جائیں گے۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون: زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، گس اٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ، شعیب بشیر۔