اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق مانچسٹر سٹی نے چیمپئنز لیگ میں فیینورڈ کے خلاف شاندار آغاز کیا اور 3-0 کی برتری حاصل کر لی، لیکن آخر میں فیینورڈ نے زبردست واپسی کرتے ہوئے میچ کو 3-3 سے برابر کر دیا۔ مانچسٹر سٹی کی جانب سے ایرلنگ ہالینڈ نے پنالٹی پر پہلا گول کیا اور ایلکے گنڈوگن نے ایک گول کر کے سٹی کو برتری 2-0 کردی اور پھر ہالینڈ نے ماتھیس نونس کی شاندار کراس پر تیسرا گول کر کے میچ کو یکطرفہ بنانے کی کوشش کی۔ لیکن آخری لمحات میں سٹی کی دفاعی غلطیوں نے ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا اور فیینورڈ کے کھلاڑیوں نے آخری دس منٹ میں تین گول کرکے میچ برابر کر دیا جس سے سٹی کے شائقین کافی مایوس ہوئے۔
فیینورڈ کے انیس حدج موسیٰ نے یوسکو اگیواردیول کی غلطی کا فائدہ اٹھا کر پہلا گول کیا۔ اس کے بعد متبادل کھلاڑی سینتیاگو خیمنیز نے 82ویں منٹ میں دوسرا گول کیا، اور پھر 89ویں منٹ میں ڈیود ہینسکو نے تیسرا گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔
مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گارڈیوولا اپنی ٹیم کی کارکردگی پر مایوس نظر آئے، جبکہ شائقین نے بھی میچ کے اختتام پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ یہ شکست سٹی کی مسلسل چھٹی شکست ہے، سٹی اس وقت چیمپئنز لیگ ٹیبل میں 15ویں نمبر پر ہے، اور فروری میں اضافی پلے آف میچز کھیلنے کا خطرہ اس کے سر پر منڈلا رہا ہے۔ اور ان کی یہ خراب فارم پریمیئر لیگ کے حریف لیورپول کے خلاف اتوار کے اہم میچ سے پہلے تشویش کا باعث ہے۔