اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیمپیئنز لیگ میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) اور اٹلیٹیکو میڈرڈ کا مقابلہ ہوا جہاں پی ایس جی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر اٹلیٹیکو میڈرڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اوران کی پچھلے تین میچوں کی ناقابل شکست سیریز کا سلسلہ اختتام پذیر ہوا ۔
اس میچ میں پی ایس جی کے 18 سالہ مڈفیلڈر وارین زائر ایمری 15 میچز کا آغاز کرنے والے چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے اس موقع کو میچ کے آغاز میں ہی گول کر کے خاص بنایا۔
یہ گول میچ کے 14ویں منٹ میں آیا، جب اٹلیٹیکو کے دفاعی کھلاڑی کلیمنٹ لینگلیٹ کی غلطی کی وجہ سے عثمانی ڈیمبیلے کو پنالٹی ایریا میں گیند چھیننے کا موقع ملا۔ ڈیمبیلے نے گیند زائر ایمری کو دی، جنہوں نے جان اوبلاک کے دفاع کو ناکام بناتے ہوئے گیند کو گول میں ڈال دیا۔
اس کے چار منٹ بعد، اسپین کی ٹیم نے ناہول مولینا کے گول سے میچ برابر کر دیا۔ یہ گول اس وقت ہوا جب پی ایس جی کے کھلاڑی گیند کو کلیئر کرنے میں ناکام رہے، اور مولینا نے گیند کو جانلویجی دونارومہ کے قریب سے گزار کر گول میں پہنچا دیا۔
دوسرے ہاف میں پی ایس جی نے گیند پر زیادہ قابو رکھا اور اٹلیٹیکو پر دباؤ ڈالا، لیکن بریڈلی بارکولا اور اچراف حکیمی کے شاٹس کو اوبلاک نے روک لیا۔
اٹلیٹیکو کے کوچ ڈییاگو سیمون کی ٹیم نے بھی آخری لمحات میں گول کرنے کی کوشش جاری رکھی، اور اینجل کوریا نے ڈوناروما کو شکست دے کر فیصلہ کن گول کر دیا۔اٹلیٹیکو کے کھلاڑی اینجل کوریا نے یہ گول میچ کے اضافی وقت کے تیسرے منٹ میں کیا۔
اب چار میچز کے بعد پی ایس جی کے چار پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر 25ویں نمبر پر ہے، جبکہ اٹلیٹیکو میڈرڈ چھ پوائنٹس کے ساتھ پی ایس جی سے دو درجے اوپر ہے۔
اپنے اگلے میچ میں پی ایس جی کا مقابلہ جرمنی میں بائرن میونخ سے ہوگا، جبکہ اٹلیٹیکو میڈرڈ اسپارٹا پراگ کے خلاف میچ کھیلے گی۔