قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی (ف) کے امیدوار کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی دفتر کے باہر دھماکہ ہوگیا ہے. ابتدائی تفصیلات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔
یاد رہے کہ یہ دھماکہ جے یو آئی (ف) کے قلعہ سیف اللہ بازار میں واقع ضلعی دفتر کے باہر ہوا ہے۔ دھماکے میں جمیعت علمائے اسلام ( ف) کے رہنما مولانا عبد الواسع محفوظ رہے ہیں۔ اس دفتر کو جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبدالوسع اپنے انتخابی دفتر کے طور پر بھی استعمال کر رہے تھے۔ مولانا واسع پی بی 3 سے جے یو آئی کے نامزد امیدوار ہیں۔
دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ شرپسند افراد افرا تفری پھیلا کر عوام کو حق رائے دہی کے استعمال سے روکنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس دھماکے سے محض کچھ دیر قبل بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں آزاد امیدوار کے انتخابی دفتر پر دھماکا ہوا تھا، جس میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے تھے۔
گزشتہ چند روز کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد حملوں کے سبب سیکیورٹی خدشات اور بھی بڑھ گئے ہیں۔
جے یو آئی (ف)رہنما حافظ حمد اللہ کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ