اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بارسلونا کے 17 سالہ ونگر لیمائن یامل نے 2024 کا گولڈن بوائے ایوارڈ اپنے نام کر لیا، جو یورپ میں 21 سال سے کم عمر کے بہترین کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے۔ وہ اس ایوارڈ کو جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اطالوی اسپورٹس اخبار “ٹوٹوسپورٹ” کے مطابق یامل نے ریال میڈرڈ کے ارڈا گلر اور پی ایس جی کے وارن زائر ایمری کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
لامین یامل نے یورو 2024 میں اسپین کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف گول کر کے سب سے کم عمر اسکورر بنے، اور فائنل میں انگلینڈ کے خلاف اسپین کی 2-1 کی جیت کے ساتھ سب سے کم عمر یورو فاتح بھی بن گئے۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں یورو 2024 کا “یوتھ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ” کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
لیمائن یامل، نے اس سیزن میں لا لیگا میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے 12 لیگ میچوں میں 5 گول اسکور کیے ہیں اور وہ کلب کے مستقبل کے ابھرتے ہوئے اسٹار کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔
لیمائن یامل بارسلونا کے چوتھے کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ ایوارڈ جیتا۔ ان سے پہلے لیونل میسی، گیوی اور پیڈری یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ یامل سے پہلے انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے جوڈ بیلنگھم نے یہ ایوارڈ جیتا تھا۔ دیگر مشہور فاتحین میں فرانس کے کائلان ایمباپے اور انگلینڈ کے وین رونی شامل ہیں۔
مزید برآں، بارسلونا کی 18 سالہ مڈفیلڈر وکی لوپیز نے گولڈن گرل ایوارڈ جیت کر کلب کے لیے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کیا۔