بلوچستان: دکی میں کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کا حملہ، 20 افراد جاں بحق

0
76

بلوچستان: دکی میں کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کا حملہ، 20 افراد جاں بحق

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے علاقے دکی میں مقامی کوئلے کی کانوں پر مسلح افراد کے حملوں میں 20 کان کن جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے دکی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی خیر اللہ کی کوئلہ کانوں پر راکٹ دستی بم سے حملہ کیا اور وہاں موجود کان کنوں پر فائرنگ کردی جس سے 20کان کن جان بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملوں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کا تعلق پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، مسلم باغ، موسی خیل، کچلاک اور افغانستان سے ہے۔

ڈپٹی کمشنر دکی کلیم اللہ کاکڑ اور اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، جہاں ایف سی کمانڈنٹ اور دکی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لورالائی منتقل کر دیا گیا ہے، مزید کہا کہ تمام ضروری طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں بھیجا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر دکی کلیم اللہ کاکڑ نے بتایا کہ علاقے میں صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس کے ساتھ بھرپور کوآرڈینشن کر رہی ہے۔

دوسری جانب دکی میں کوئلہ کانوں پر حملے میں کان کنوں کی ہلاکت پر شہریوں کی جانب سے کوئٹہ کے باچا خان چوک پر میتیں رکھ کر دھرنا دیا جا رہا ہے جبکہ کان کنوں کی ہلاکت کے خلاف دکی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔