پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا پس منظر اور اہمیت

پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا پس منظر اور اہمیت
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ اُن کے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پاکستان و بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے کے کردار کی بنیاد پر کیا گیا۔
پیر کو لندن میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا مسٹر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کی اور خطے کو بڑی تباہی سے بچایا۔ اگر اُنہوں نے بروقت مداخلت نہ کی ہوتی تو مزید جانی نقصان اور تباہی ہوتی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ ایتھوپیا اور مصر کے درمیان پانی کے تنازع پر کشیدگی کو بھی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور یوکرین کے تنازع میں بھی ثالثی کی کوشش کی۔
پاک بھارت کشیدگی کا پس منظر
22 اپریل 2025 کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد بھارت نے بغیر کسی واضح ثبوت کے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا اور پاکستان کی حدود میں فضائی کارروائی کی۔ اس کے جواب میں اسلام آباد نے بھی جوابی حملہ کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے اور خطے میں جنگ کے خدشات پیدا ہو گئے۔
اس نازک صورتحال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کی قیادت سے رابطہ کر کے مذاکرات کی راہ ہموار کی۔ ان کی کوششوں کے نتیجے میں مئی میں جنگ بندی عمل میں آئی اور ایک ممکنہ بڑے ایٹمی تصادم سے خطہ بچ گیا۔
اسی تناظر میں پاکستانی حکومت نے جون 2025 میں صدر ٹرمپ کو 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کیا۔ حکومتِ پاکستان کا کہنا ہے کہ اُن کی ’’فیصلہ کن سفارتی کوششوں اور قائدانہ کردار‘‘ نے خطے میں امن قائم کرنے اور بڑے بحران کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
نوبیل انعام کیا ہے ؟
نوبیل انعام دنیا کا سب سے معتبر بین الاقوامی اعزاز ہے جو اُن افراد یا اداروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے امن، سائنس، ادب، طب یا معیشت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔
یہ انعام سویڈن کے سائنس دان اور ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبیل (Alfred Nobel) کی وصیت کے مطابق 1901 سے ہر سال دیا جا رہا ہے۔ الفریڈ نوبیل نے اپنی دولت کا بڑا حصہ ایک فنڈ کے طور پر وقف کیا تاکہ انسانیت کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو یہ اعزاز دیا جا سکے۔
نوبیل امن انعام خاص طور پر اُن شخصیات یا اداروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے جنگ بندی، تنازعات کے حل، انسانی حقوق کے فروغ یا عالمی امن کے لیے اہم خدمات انجام دی ہوں۔ یہ انعام ناروے کے شہر اوسلو (Oslo) میں ناروے کی پارلیمان کی نامزد کردہ نوبیل کمیٹی دیتی ہے۔