
آرمی چیف کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے واشنگٹن میں گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی ،اس ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جنرل عاصم منیر نے امریکی محکمہ خارجہ کے دورے کے دوران قائم مقام ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے سیاسی امور وکٹوریہ نولینڈ اور قومی سلامتی کے نائب مشیر جوناتھن فائنر سے بھی ملاقات کی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان سے انٹونی بلنکن کی پاکستانی آرمی چیف کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اہم شراکت دار ہے اور ہم پاکستانی حکومت کے اہم مذاکرات کاروں سے بات چیت کرتے ہیں۔‘
ترجمان نے مزید کہا کہ ہم خطے کی سلامتی اور دفاعی تعاون سے متعلق پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔
مذاکرات کے بارے میں مزید تفصیل پوچھے پوچھے جانے پر سفارتی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ فریقین نے “دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال کے مکمل اسپیکٹرم پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ اس ملاقات سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی تھی، پینٹاگون نے ملاقات کے بعد ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے پینٹاگون میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی میزبانی کی، دونوں عہدیداران نے علاقائی سلامتی کے حوالے سے حالیہ پیش رفت اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔