داسو حملے پر چند افسران کیخلاف کارروائی ہوگی، وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ داسو حملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، انکوائری کی روشنی میں چند افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بہت سارے اجلاس کیے، انہوں نے داسو واقعے پر ایک انکوائری کمیٹی بنائی تھی، ہمارے حوصلے بُلند ہیں اور کسی کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے کے والے ادارے سب دہشت گردی کے خاتمے پر کاربند ہیں، اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیٹی نے جب اپنی رپورٹ بھیجی تو وزیراعظم نے چند افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے، ان میں آر پی او ہزارہ ڈویژن، ڈی پی او اپر کوہستان ڈسٹرکٹ، ڈی پی او لوئر کوہستان ڈسٹرکٹ، ڈائریکٹر سیکیورٹی داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ خیبرپختونخوا کے خلاف 15 دن کے اندر انضباطی کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف جو انضباطی کارروائی کا کہا گیا ہے، انکوائری میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے فرائض میں غفلت برتی، ان کو الرٹ ہونا چاہیے تھا، وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، 16 ماہ کی حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کےلیے پر عزم ہے، بلیک اکانومی بڑا مسئلہ ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، عالمی میڈیا پر پاکستانی معیشت پر مثبت خبریں آرہی ہیں، اسٹاک ایکسچینج میں روز نیا ریکارڈ بن رہا ہے۔