اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اے سی میلان نے ریاض کے کنگ سعود یونیورسٹی اسٹیڈیم میں اطالوی سپر کپ کے فائنل میں انٹر میلان کو 3-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ انٹر میلان نے ابتدائی طور پر دو گول کی برتری حاصل کی، لیکن میلان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اضافی وقت میں ٹیمی ابراہم کے گول کی بدولت جیت حاصل کی۔ جبکہ انٹر کی مسلسل چوتھی ٹرافی جیتنے کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔
میچ کا آغاز سست رہا لیکن پہلے ہاف کے اختتام پر انٹر میلان نے لاؤتارو مارتینز کے ذریعے پہلا گول کیا۔ وقفے کے بعد، مہدی تریمی نے ایک شاندار گول کرتے ہوئے انٹر کی برتری کو دوگنا کر دیا۔
میلان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے رافیل لیو کی مدد سے ایک فری کک حاصل کی، جسے تھیو ہرنینڈز نے گول میں تبدیل کر دیا۔ میلان کے کھلاڑیوں نے مزید دباؤ ڈالا اور کرسچن پلسک کے گول سے اسکور 2-2 کر دیا۔
اضافی وقت میں میلان کے ٹیمی ابراہم نے ایک آسان گول کرتے ہوئے ٹیم کو 3-2 کی برتری دلائی۔ یہ فتح میلان کے نئے منیجر سرج کونسیکاو کے لیے ایک بڑی کامیابی تھی، جنہوں نے اپنے دوسرے ہی میچ میں ٹرافی جیتی۔