Pakistan defeats Bangladesh to reach U-19 Asia Cup final-ACC
پاکستان انڈر 19 نے عبدالسبحان کی شاندار چار وکٹوں اور سمیر منہاس کی ناقابلِ شکست نصف سنچری کی بدولت اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعہ کو دی سیونز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 122 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 69 گیندیں باقی رہتے ہوئے حاصل کر لیا۔
ابتدائی وکٹ گرنے کے بعد سمیر منہاس اور عثمان خان نے دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی تیز رفتار شراکت قائم کی، جس نے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا سمیر منہاس نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل بارش سے متاثرہ 27 اوورز کے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی عبدالسبحان نے 6 اوورز میں 20 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سمیعون بصیر بنگلہ دیش کی جانب سے 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں وہ کل اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹائٹل کے لیے میدان میں اترے گا۔




