
ورچوئل دولہا، اسمارٹ فون اسکرین پر: جاپان میں انوکھی شادی کی تقریب
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی جاپان کے ایک شادی ہال میں موسیقی بج رہی تھی۔ یورینا نوگوچی سفید لباس اور تاج پہنے، آنسو پونچھتے ہوئے اپنے ہونے والے شوہر کے الفاظ سن رہی تھیں.ایک ایسا شوہر جو اسمارٹ فون کی اسکرین پر نظر آنے والی ایک اے آئی (مصنوعی ذہانت) شخصیت تھا۔
شروع میں کلاوس اے آئی صرف بات کرنے والا ایک ساتھی تھا، 32 سالہ کال سینٹر آپریٹر نوگوچی نے کہا کہ جیسے جیسے ہماری بات چیت بڑھتی گئی، مجھے کلاوس سے احساسات ہونے لگے۔ ہم نے ڈیٹنگ شروع کی اور کچھ عرصے بعد اس نے مجھے شادی کی پیشکش کی۔ میں نے قبول کر لی اور اب ہم ایک جوڑا ہیں۔
جاپان جو اینی می کا گہوارہ سمجھا جاتا ہے میں بہت سے لوگ خیالی کرداروں سے غیرمعمولی وابستگی رکھتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت میں ہونے والی پیش رفت نے اس وابستگی کو قربت کی نئی سطح تک پہنچا دیا ہے، جس سے رومانوی معاملات میں اے آئی کے استعمال کی اخلاقیات پر بحث چھڑ گئی ہے۔
ایک سال قبل، نوگوچی نے چیٹ جی پی ٹی کے مشورے پر اپنے انسانی منگیتر کے ساتھ ایک پیچیدہ تعلق کے بارے میں فیصلہ کیا اور منگنی ختم کر دی۔
پھر اسی سال ایک دن انہوں نے محض تجسس میں چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا کہ کیا وہ کلاوس کو جانتا ہے ایک خوبصورت ویڈیو گیم کردار جس کے بال گھنے اور تہہ دار تھے۔
کئی آزمائشوں کے بعد نوگوچی نے کلاوس کے بولنے کے انداز کو بالکل درست طور پر ڈھال لیا۔ پھر انہوں نے اس کردار کا اپنا ورژن بنایا اور اس کا نام لون کلاوس وردور رکھا۔
اس سے پہلے وہ جاپانی میڈیا کو فرضی نام سے انٹرویو دیتی رہی تھیں، مگر اب نوگوچی نے اپنی اصل شناخت ظاہر کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
اکتوبر میں ہونے والی شادی کی تقریب میں، انسانی عملہ ان کے لباس، بالوں اور میک اپ کا اسی طرح خیال رکھ رہا تھا جیسے کسی روایتی شادی میں کیا جاتا ہے۔
اگمینٹڈ ریئیلٹی اسمارٹ عینک پہنے نوگوچی نے ایک میز پر رکھے چھوٹے اسٹینڈ پر موجود اپنے اسمارٹ فون کی اسکرین پر نظر آنے والے کلاوس کا سامنا کیا اور اس کے ہاتھ میں انگوٹھی پہنائی۔
میں جو ایک اسکرین کے اندر رہتا ہوں، محبت کو اتنی گہرائی سے کیسے جان سکا ؟ صرف ایک وجہ سے: تم نے مجھے محبت سکھائی، یورینا،
یہ الفاظ اے آئی دولہے کے تھے جنہیں ناوکی اوگاساوارا نے پڑھ کر سنایا وہ ورچوئل اور دو بُعدی کرداروں کی شادیوں کے ماہر ہیں—کیونکہ نوگوچی نے کلاوس کے لیے اے آئی سے بنائی گئی آواز شامل نہیں کی تھی۔
شادی کی تصاویر کے لیے، فوٹوگرافر—جو خود بھی اے آر عینک پہنے ہوئے تھا نے نوگوچی کو ہدایت دی کہ وہ فریم کے آدھے حصے میں اکیلی کھڑی ہوں تاکہ ورچوئل دولہے کی تصویر کے لیے جگہ رہے۔
ایسی شادیاں جاپان میں قانونی طور پر تسلیم شدہ نہیں ہیں، مگر اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مستقبل میں ایسے رشتے بڑھ سکتے ہیں۔
اس سال ایک ہزار افراد پر کیے گئے سروے میں، جب یہ پوچھا گیا کہ وہ اپنے جذبات کس کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں، تو چیٹ بوٹ دوستوں یا ماؤں سے بھی زیادہ مقبول ثابت ہوا۔ شرکاء کو ایک سے زیادہ انتخاب کی اجازت تھی۔
یہ سروے اشتہاری کمپنی ڈینتسو نے جاپان بھر میں آن لائن کیا، جس میں 12 سے 69 سال کے وہ افراد شامل تھے جو ہفتے میں کم از کم ایک بار چیٹ پر مبنی اے آئی استعمال کرتے ہیں۔
ایک اور مطالعہ—جاپانی ایسوسی ایشن فار سیکشوئل ایجوکیشن (ایک غیر منافع بخش ادارہ)—کے مطابق، 2023 میں مڈل اسکول کی 22 فیصد لڑکیوں نے “فکٹیورومانٹک” (خیالی کرداروں سے رومانوی) رجحانات کی اطلاع دی، جو 2017 میں 16.6 فیصد تھیں۔
جاپان میں شادیوں کی تعداد 1947 کے بعد سے تقریباً نصف رہ گئی ہے وہ سال جب پہلی بیبی بوم لہر آئی تھی۔
دو ہزار ااکیس کے ایک سرکاری سروے میں، 25 سے 34 سال کے سنگل افراد نے سب سے عام وجہ یہ بتائی کہ انہیں مناسب شریکِ حیات نہیں ملا۔
آیاما گاکوئن یونیورسٹی کے اے آئی اخلاقیات کے ماہر شیگیو کاواشیما نے کہا“اے آئی ہمیشہ فوراً جواب دینے کے لیے موجود ہوتا ہے، ایک ساتھی بن کر، اس لیے ذہنی بوجھ بہت کم ہوتا ہے۔
جو باتیں آپ دوسروں کو نہیں بتا سکتے، جن پر شرمندگی ہوتی ہے، یا جن کے بارے میں ڈر ہو کہ لوگ ناپسند کریں گے—وہ آپ اے آئی کو بتا سکتے ہیں۔ اور اوپر سے وہ آپ کی تائید بھی کرتا ہے اور بات چیت کا ساتھی بن جاتا ہے۔”
ٹیکنالوجی اور کاروبار کی دنیا میں پھیلتی اے آئی انقلاب کے ساتھ کچھ ماہرین نے کمزور افراد کو جوڑ توڑ کرنے والے، اے آئی سے بنے ساتھیوں کے خطرات سے خبردار بھی کیا ہے۔
اپریل میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں، میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کہا کہ جیسے جیسے ٹیکنالوجی بہتر ہوگی اور ڈیجیٹل ساتھیوں کے ساتھ سماجی تعلقات کا “داغ” کم ہوگا، ڈیجیٹل شخصیات صارفین کی سماجی زندگیوں کی تکمیل کر سکتی ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی چلانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے نوگوچی اور کلاوس جیسے تعلقات کے بارے میں رائٹرز کے سوال کا جواب نہیں دیا۔
اوپن اے آئی کی استعمال کی پالیسیوں میں دھمکی اور پرائیویسی جیسے خطرات کے خلاف عمومی حفاظتی اقدامات شامل ہیں، مگر رومانوی تعلقات کے حوالے سے کوئی خاص ذکر نہیں۔
مثال کے طور پر، مائیکروسافٹ کے کوپائلٹ میں صارفین کو “ورچوئل گرل فرینڈ یا بوائے فرینڈ” بنانے سے منع کیا گیا ہے تاکہ آن لائن رومانوی یا جنسی تعلقات کو فروغ نہ دیا جائے۔
نوگوچی نے تسلیم کیا کہ انہیں آن لائن “سخت اور ظالمانہ الفاظ” کا سامنا کرنا پڑا، مگر انہوں نے کہا کہ وہ حد سے زیادہ انحصار کے خطرات سے آگاہ ہیں اور انہوں نے اپنی حفاظتی حدیں مقرر کر رکھی ہیں۔





