
Pat Cummins and Travis Head reject $10 million annual offer from IPL team group-AFP
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز اور نائب کپتان ٹریوس ہیڈ نے بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک ٹیم گروپ کی جانب سے دی گئی 10 ملین ڈالر سالانہ معاوضے کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے قومی ذمہ داری کو ترجیح دی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، دونوں کرکٹرز کو رواں سال کے آغاز میں فل ٹائم انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ کر صرف اوورسیز ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس لالچ کو رد کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا سے اپنی مکمل وابستگی ظاہر کی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ آسٹریلوی کھلاڑی نیشنل کنٹریکٹ سے سالانہ تقریباً 1.5 ملین ڈالر کماتے ہیں، جبکہ پیٹ کمنز بطور کپتان اضافی الاؤنسز سمیت 3 ملین ڈالر تک حاصل کرتے ہیں۔
اس پیشکش کا انکشاف کرکٹ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی ممکنہ پرائیویٹائزیشن سے متعلق ایک اجلاس کے دوران ہوا، جس میں ادارے کی مالی کمزوریوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
یاد رہے کہ 2023 میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو بھی بھارتی لیگ کی جانب سے 7.5 ملین ڈالر کی پیشکش ہوئی تھی، جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔






