
Women's World Cup: India hints at bringing politics into sports once again-Getty Images
بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو کھیل کی روح کے مطابق کھیلنے کے بجائے سیاسی رنگ دینے کا عندیہ دے دیا ہے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے ویمن ورلڈ کپ 2025 کے پاکستان-بھارت میچ سے قبل بیان دیا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کی کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی۔
بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں سائکیا کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اور صرف ایم سی سی کے قوانین کے تحت ہی میچ کے دوران عمل ہوگا ان کے مطابق، رسمی مصافحہ یا بغلگیری کی کوئی یقین دہانی نہیں دی جا سکتی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایشیا کپ میں بھی بھارت کو کھیل میں سیاست شامل کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا بھارتی ٹیم نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا بلکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
معروف بھارتی صحافی بوریا مجمدار نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ویمن ورلڈ کپ میں پاک-بھارت میچ ایشیا کپ کا تسلسل ہوگا، صرف جنس کا فرق ہوگا، باقی مناظر وہی ہوں گے۔
پاکستانی شائقین اور ماہرین کرکٹ نے بھارتی رویے کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیتے ہوئے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل کو سیاست سے آزاد رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ویمن ورلڈ کپ کا یہ ہائی وولٹیج مقابلہ 5 اکتوبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔