
India beat Bangladesh to reach Asia Cup final-Image Credit: ACC
دبئی: ابھیشیک شرما کی 37 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز اور اجتماعی باؤلنگ کارکردگی کی بدولت بھارت نے بدھ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، جس میں ابھیشیک کی تیز رفتار اننگز کے علاوہ ہاردک پانڈیا کے 38 اور شبمن گل کے 29 رنز نمایاں رہے بنگلہ دیش کے رشاد حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 19.3 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی اوپنر سیف حسن نے 69 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، مگر دیگر بلے باز بھارتی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔
کلدیپ یادو نے 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بمراہ اور ورون چکرورتی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ بھارت ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پہنچ گیا، جبکہ سری لنکا کی مہم بھی اختتام کو پہنچی بھارت اب جمعہ کو اپنا آخری سپر فور میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔