
Pakistan's formal complaint to ICC over Fakhar Zaman's controversial dismissal-PC: ACC
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران فخر زمان کے متنازع آؤٹ پر پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے آئی سی سی سے باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے۔
ٹیم مینیجر نے میچ کے فوراً بعد میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو اس فیصلے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ میچ رپورٹ میں بھی اس متنازع فیصلے کو ہائی لائٹ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ٹی وی امپائر کے فیصلے پر اعتراض کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ کیچ کے وقت گیند زمین کو چھو رہی تھی، مگر امپائر نے مکمل زاویوں سے جائزہ لیے بغیر آؤٹ قرار دیا۔
میچ کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے بھی پریس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ فخر زمان کا آؤٹ مشکوک لگ رہا تھا، تاہم فیصلہ امپائرز کا ہوتا ہے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا کہ “شک کا فائدہ بولر کو دیا گیا، حالانکہ مزید اینگلز سے جانچ ضروری تھی۔
یاد رہے، فخر زمان 15 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ قرار پائے تھے۔