Wednesday, February 26, 2025
HomeTop Newsپی آئی اے کے زوال کی بنیادی وجہ اوپن سکائی پالیسی ہے،...

پی آئی اے کے زوال کی بنیادی وجہ اوپن سکائی پالیسی ہے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی رپورٹ

Published on

پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران کی سربراہی میں ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے زوال کی بنیادی وجہ گلف ایئر لائنز کو دی گئی غیر معمولی سہولیات ہیں۔ ان ایئر لائنز نے اپنے معاہدوں کی حد سے تجاوز کرتے ہوئے اضافی مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کیں، کم کرایوں اور بہتر سفری سہولیات کی وجہ سے مسافروں نے پی آئی اے کے بجائے گلف ایئر لائنز کو ترجیح دینی شروع کر دی۔ جس کے نتیجے میں پی آئی اے کو بڑا نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق، اوپن اسکائی پالیسی کے باعث پی آئی اے کا مارکیٹ شیئر 50 فیصد سے گھٹ کر صرف 20 فیصد رہ گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ میں بار بار تبدیلیاں اور ناتجربہ کار افراد کی تعیناتی بھی ایئر لائن کے زوال کی ایک بڑی وجہ بنی۔

کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ سابق وزیر ہوا بازی چوہدری غلام سرور کے خلاف تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیشن قائم کیا جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ان کے “غیر معقول بیان” نے جس میں انہوں نے کہا تھاکہ ، پی آئی اے کے 262 پائلٹس کے لائسنس مشکوک یا جعلی ہو سکتے ہیں، کے بعد یورپی یونین، برطانیہ اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی، جس کے باعث ایئرلائن کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان اٹھانا پڑا اور اس کی عالمی ساکھ کو بھی شدید دھچکا لگا۔ جس کے نتیجے میں پی آئی اے کو چار سالوں میں 600 ملین ڈالر کا نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق، حکومت کی اوپن اسکائی پالیسی کے تحت بین الاقوامی ایئر لائنز کو پاکستان میں آزادانہ طور پر پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ، ایمریٹس، قطر ایئرویز، ترکش ایئر لائنز اور اتحاد ایئرویز نے پاکستان میں اپنی پروازیں کئی گنا بڑھا دیں۔ جس کی وجہ سے ہر ہفتے 100 سے زائد غیر ملکی پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں پی آئی اے کو شدید نقصان پہنچا۔ خاص طور پر خلیجی ممالک کی وہ ایئر لائنز، جو اپنی حکومتوں سے سبسڈی حاصل کرتی ہیں، پی آئی اے کے لیے سخت مسابقت کا باعث بنیں اور پی آئی اے ان کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کے مالی مسائل وقت کے ساتھ مزید سنگین ہوتے گئے ۔ ایئر لائن کے مجموعی واجبات 740 ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں، جن میں ،وینڈرز (سپلائرز) کے بقایاجات، ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور حکومت سے لیے گئے قرضے شامل ہیں

فی الحال پی آئی اے کے 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے صرف چھ قابلِ پرواز ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 32 میں سے صرف 19 طیارے سروس میں ہیں۔ پرانے طیاروں کا استعمال، مالی وسائل کی قلت، اور بیڑے کی توسیع پر عائد بھاری ٹیکس جیسے مسائل نے ایئر لائن کے بحران کو مزید گہرا کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق، سال 2000 کے مقابلے میں 2024 میں پی آئی اے کے مسافروں کی تعداد میں 26 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ حالانکہ ملکی آبادی میں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر متوسط طبقے کی تعداد بڑھی ہے، لیکن پی آئی اے کی کارکردگی مسلسل زوال پذیر رہی۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ، ترکش ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئرنگ معاہدہ پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے ایک اچھا قدم تھا، لیکن اندرونی مخالفت اور سیاسی دباؤ کی وجہ سے اسے قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ ناکام کاروباری منصوبے ، نجکاری کی ناکام کوششیں اور ہنر مند عملے کی کمی اور ملازمین کی زیادہ تعداد نے بھی قومی ایئر لائن کو نقصان پہنچایا۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ پی آئی اے کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے بین الاقوامی ماڈلز کو اپنایا جائے، جہاں قومی ایئر لائنز کو سبسڈی اور ٹیکس میں چھوٹ دی جاتی ہے تاکہ وہ بہتر طریقے سے کام کر سکیں۔

مزید برآں، کمیٹی نے پی آئی اے میں مستحکم اور تجربہ کار قیادت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایئر لائن کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Latest articles

امریکی شہریت کی قیمت مقرر، ٹرمپ نے گولڈ کارڈ اسکیم متعارف کروادی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں غیر ملکی...

مصر نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کا امریکی منصوبہ مسترد کردیا

مصری حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس منصوبے کو سختی سے...

غزہ مستقبل پر یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز

اسرائیل کے وزیر خارجہ گیڈون سار نے گزشتہ روز کہا کہ وہ...

یوکرین جنگ کے تین سال مکمل، برطانیہ کا روس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان

برطانیہ نے روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جو...

More like this

امریکی شہریت کی قیمت مقرر، ٹرمپ نے گولڈ کارڈ اسکیم متعارف کروادی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں غیر ملکی...

مصر نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کا امریکی منصوبہ مسترد کردیا

مصری حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس منصوبے کو سختی سے...

غزہ مستقبل پر یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز

اسرائیل کے وزیر خارجہ گیڈون سار نے گزشتہ روز کہا کہ وہ...