
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی عدالت کے جج نے ارب پتی کاروباری اور حکومتی شخصیت ایلون مسک کی جانب سے امریکی حکومت کے حجم کو کم کرنے کے منصوبے کو معطل کر دیا ہے، جس کے تحت وفاقی ملازمین کو بڑے پیمانے پر ملازمت چھوڑنے کی ترغیب دی گئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق میساچوسٹس کے وفاقی جج نے ایلون مسک کی جانب سے ملک کے 20 لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن پر عارضی حکم امتناع جاری کر دیا، ملازمین کے لیے پیشکش 8 ماہ کی تنخواہ کے ساتھ ملازمت چھوڑنے کی تھی، یا مستقبل میں نوکری سے نکالے جانے کا خطرہ تھا۔
اب ڈیڈ لائن کو پیر تک بڑھا دیا گیا ہے، جب ضلعی جج جارج اوٹول لیبر یونینز کے دائر کردہ کیس کی میرٹ پر سماعت کریں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے بڑے عطیہ کنندہ ایلون مسک ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی (ڈی او جی ای) نامی ایک آزاد ادارے کے انچارج ہیں، جس کا مقصد حکومت کا حجم کم کرنا اور کارکردگی کو بڑھانا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کارولن لیویٹ کے مطابق اب تک 40 ہزار سے زائد ملازمین نے معاہدے کو قبول کر لیا ہے، جو نسبتاً کم تعداد ہے۔
تقریباً 8 لاکھ سرکاری ملازمین کی نمائندگی کرنے والی یونینز اور کانگریس کے ڈیموکریٹک ارکان اس اسکیم کی مخالفت کر رہے ہیں، اور انہوں نے سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے کی دھمکیوں کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا ہے۔
لیکن بجٹ میں کٹوتی کی وسیع تر مہم ( جسے ٹرمپ اور ان کے معاونین کی حمایت ہے، اور حکومت مخالف کارکنوں میں اشتعال کا سبب ہے) نے پہلے ہی ان بڑے محکموں اور ایجنسیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جو دہائیوں سے تعلیم سے لے کر قومی انٹیلی جنس تک سب کچھ چلا رہے ہیں۔
حکومت کا انسانی امداد کا ادارہ یو ایس ایڈ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، غیر ملکی عملے کو گھر بھیجنے کا حکم دے دیا گیا ہے اور تنظیم کے پروگراموں کو وائٹ ہاؤس اور دائیں بازو کے ذرائع ابلاغ روزانہ اور اکثر غلط طریقے سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
یونین کے ایک عہدیدار نے ان اطلاعات کی تصدیق کی کہ ایجنسی کی عالمی افرادی قوت کو10 ہزار سے کم کرکے 300 سے بھی کم کردیا جائے گا۔
امریکن فارن سروس ایسوسی ایشن کے نائب صدر رینڈی چیسٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ آخر کار ہمیں خوراک کی تقسیم روکنی پڑے گی، کیوں کہ ہمارے پاس اس بات کو یقینی بنانے کے لیے لوگ نہیں ہوں گے کہ کھانا اصل میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔
ڈیموکریسی فارورڈ سے تعلق رکھنے والے رابن تھرسٹن (جنہوں نے یو ایس ایڈ میں بڑے پیمانے پر برطرفیوں پر ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے) نے ٹرمپ-وینس انتظامیہ کی طرف سے یو ایس ایڈ پر غیر قانونی قبضے کو تنقید کا نشانہ بنایا، جو اقتدار کی علیحدگی سے متعلق بنیادی آئینی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سرکاری املاک کا انتظام سنبھالنے والی ایجنسی کے عہدیدار نے کہا کہ محکمہ دفاع کی عمارتوں کو چھوڑ کر رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو میں کم از کم 50 فیصد کٹوتی کی جانی چاہیے۔
لیوٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ وفاقی ملازمین کو موخر استعفے کی انتہائی فراخدلانہ پیشکش کو قبول کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے لیے اچھے متبادل تلاش کیے جائیں گے، جو امریکی عوام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
ایلون مسک کے منصوبے کے گرد گردش کرنے والے تنازعات میں سے ایک یہ ہے کہ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے ٹیکنالوجی ٹائیکون کو خفیہ سرکاری اعداد و شمار تک کتنی رسائی مل رہی ہے، جس میں خزانہ کا پورا ادائیگی کا نظام بھی شامل ہے۔