
Copa del Rey: Real Madrid's stunning victory over Celta Vigo
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ریال میڈرڈ نے سیلٹا ویگو کو اضافی وقت میں 5-2 سے شکست دے کر کوپا ڈیل رے کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ میچ کے 90 منٹ کے اختتام پر اسکور 2-2 تھا، لیکن اضافی وقت میں برازیلی کھلاڑی اینڈرک نے دو اہم گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی۔
ریال میڈرڈ نے میچ میں ایمباپے اور ونیسیئس جونیئر کے ابتدائی گولز کی بدولت 2-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ تاہم، سیلٹا ویگو نے میچ میں زبردست واپسی کی۔ جوناتھن بامبا نے 83ویں منٹ میں ایک گول کر کے اسکور 2-1 کیا، اور پھر مارکوس الونسو نے 91ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔
Photo-AP
لیکن اضافی وقت میں میڈرڈ کے اینڈرک چھا گئے۔ انہوں نے دو شاندار گول کیے، جن میں ایک بیک ہیل گول بھی شامل تھا، اور ریال میڈرڈ کی برتری 4-2 تک بڑھا دی۔ فیڈریکو والورڈے نے بھی اضافی وقت میں ایک گول کر کے ریال کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔
کوپا ڈیل رے کے ایک اور میچ میں ایتھلیٹک بلباؤ کو اوساسونا نے 3-2 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، جبکہ ریال سوسیڈاد نے رائو ویلیکانو کو 3-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔
کوارٹر فائنل کے لیے قرعہ اندازی 20 جنوری کو ہوگی، جس میں ریال میڈرڈ، بارسلونا، اٹلیٹیکو میڈرڈ، ویلنشیا، لیگانیس، گیٹافے، اور دیگر ٹیمیں شامل ہوں گی۔