اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے اولمپک اور عالمی ٹرائیتھلون چیمپئن ایلکس یی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2025 لندن میراتھن میں حصہ لیں گے۔ 26 سالہ ایلکس یی، جنہوں نے چار اولمپک ٹرائیتھلون تمغے جیت رکھے ہیں، پہلی بار میراتھن دوڑ میں حصہ لیں گے۔ ان کے ان تمغوں میں پیرس 2024 اولمپکس میں انفرادی گولڈ میڈل اور مکسڈ ریلے میں کانسی کا تمغہ شامل ہیں۔
یہی نے کہا،
“میرے لیے لندن میراتھن میں حصہ لینا ایک آسان اور واضح فیصلہ تھا۔ یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جس نے مجھے بہت سی یادیں دی ہیں۔ مکمل میراتھن میں حصہ لینا ہمیشہ میرا خواب رہا ہے، اور لندن کے علاوہ میں اس سفر کو کہیں اور شروع نہیں کرنا چاہوں گا۔”
یی نے پیرس اولمپکس 2024 میں نیوزی لینڈ کے ہیڈن وائلڈ کو شکست دے کر انفرادی گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے اکتوبر 2024 میں اسپین میں فائنل ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے پہلی بار عالمی ٹرائیتھلون ٹائٹل جیتا تھا۔ یی اس سے قبل برطانیہ کے لیے ٹریک اور کراس کنٹری دوڑوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
یاد رہے، لندن میراتھن برطانیہ کا ایک بڑا ایونٹ ہے اور ایلکس یی کے لیے یہ ان کی پہلی میراتھن دوڑ ہوگی، جو 27 اپریل 2025 کو منعقد ہوگی۔ یی نے پانچ مرتبہ منی لندن میراتھن میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔