واشنگٹن: بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین کے لیے مزید 500 ملین ڈالر کے ہتھیاروں کے امداد ی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے جمعرات کو کیا۔
نئے پیکج میں ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز اور تیز رفتار اینٹی ریڈی ایشن میزائل کے لیے گولہ بارود شامل ہے۔ یہ امداد یوکرین کی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے دی جا رہی ہے تاکہ وہ روسی جارحیت کا مقابلہ کر سکے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ :”ہم بائیڈن انتظامیہ کے اختتام تک یوکرین کو اضافی امداد فراہم کرتے رہیں گے۔”
یاد رہے، امریکہ نے 10 دن پہلے بھی یوکرین کے لیے 725 ملین ڈالر کے دفاعی سامان فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
روس کے حملے اور یوکرین کی صورتحال
روس کی فوجیں یوکرین کے مشرقی علاقوں میں قبضہ کر رہی ہیں اور صنعتی علاقے ڈونباس پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ روسی فضائی حملے یوکرین کے انرجی گرڈ کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔
واضح رہے،صدر بائیڈن جنوری میں اپنی مدت پوری کرنے کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے، اور اس کے بعد منتخب ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ عہدہ سنبھالیں گے۔