اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ویسٹ ہیم نے پریمیئر لیگ کے ایک اہم میچ میں وولور ہیمپٹن کو شکست دے کر اپنے ہیڈ کوچ ہولن لوپیتوگی پر دباؤ کم کر دیا۔ لندن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ ہیم نے 2-1سے کامیابی حاصل کی۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا ، لیکن دوسرے ہاف میں توماش سوچک کے شاندار ہیڈر نے ویسٹ ہیم کو ابتدائی برتری دلائی ، لیکن وولور ہیمپٹن کے میٹ ڈوہرٹی نے ریان ایت نوری کے کراس پر شاندار گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ تاہم، جاروڈ بوون نے ایک زبردست گول کے ذریعے ویسٹ ہیم کو فتح دلا دی۔
میچ کے دوران تنازعات بھی سامنے آئے جیسا کہ ،ویسٹ ہیم کے محمد قدوس کا ایک گول ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کے ذریعے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔ دوسری جانب، وولفز کے کھلاڑی گونسالو گیڈس پر ایمرسن کے چیلنج پر پنالٹی نہ دینے پر مہمان ٹیم کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس فتح کے بعد ویسٹ ہیم 14ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ دوسری طرف، وولفز مسلسل تین شکستوں کے بعد 19ویں نمبر پر رہتے ہوئے ریلیگیشن زون میں اپنی پوزیشن برقراررکھے ہوئے ہے۔
یہ نتیجہ وولفز کے مینیجر گیری او نیل کے لیے مزید دباؤ کا سبب بن سکتا ہے، جنہیں اپنی ٹیم کی کارکردگی بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔