
Champions League: AC Milan beat Real Madrid 3-1 Photo-AFP
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے میچ میں ریال میڈرڈ کو اے سی میلان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ ریال میڈرڈ کی اپنے ہوم گراؤنڈ، سینٹیاگو برنابیو، میں مسلسل دوسری شکست ہے کیونکہ اس سے قبل انہیں بارسلونا کے ہاتھوں ایل کلاسیکو میچ میں 4-0 سے شکست ہوئی اور اس طرح انہوں نے چیمپئنز لیگ کے پہلے چار میچز میں سے دو ہارے ہیں۔
Photo-Getty Images
اے سی میلان کے خلاف میچ میں میلک تھیاؤ کے پہلے گول کے بعد ونیسیئس جونیئر نے میڈرڈ کے لیے پنالٹی پر گول کرکے اسکور برابر کیا، لیکن الوارو موراتا اور تیجانی ریجنڈرز کے گولز نے میلان کو جیت دلائی۔
Photo-Getty Images
اس شکست کے بعد ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کو اپنی کارکردگی کی فکر کرنی چاہیے کیونکہ وہ چیمپئنز لیگ کے میچ میں اے سی میلان سے ہار گئی۔
اس سے قبل بھی میڈرڈ کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ وہ اکتوبر میں للی سے ہار چکے ہیں، اور ابھی تک چار میچز میں صرف چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
میڈرڈ کے کوچ اینسیلوٹی نے کہا، “ہمیں اپنی کارکردگی پر غور کرنی چاہیے، ہماری ٹیم اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کر رہی۔ ہمیں زیادہ منظم اور مضبوط ہونا پڑے گا۔ ہم نے بہت سے گول دے دیے ہیں اور ہماری دفاعی حکمت عملی ٹھیک نہیں ہے، ہمیں اس پر کام کرنا ہوگا۔”
دوسری طرف، اے سی میلان نے بھی سیزن کا آغاز بہت زیادہ اچھا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پہلے تین چیمپئنز لیگ میچز میں سے صرف ایک جیتا ہے، اور سیری اے لیگ میں لیڈر نپولی سے آٹھ پوائنٹس پیچھے ساتویں نمبر پر ہیں۔
میلان کے مینیجر پاؤلو فونسیکا نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ پرتگالی کوچ کا کہنا تھا کہ “کھلاڑی یہاں بہادری کے ساتھ آئے، انہیں کوئی خوف نہیں تھا۔ پہلے ہاف میں ہم نے کافی مواقع بنائے، اور دوسرے ہاف میں بھی متحد ہو کر مقابلہ کیا۔ ہم یقیناً اس جیت کے حق دار تھے۔”