پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: جیمز اینڈرسن پہلے میچ سے محروم
اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے فاسٹ باؤلنگ کوچ جیمز اینڈرسن اسکاٹ لینڈ کی الفریڈ ڈن ہل لنکس چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے ٹیم کے ساتھ پاکستان کے دورے پر نہیں آئے۔
جاری گالف ٹورنامنٹ 6 اکتوبر کو ختم ہونے والا ہے جس کے بعد اینڈرسن کی گرین شرٹس کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن تک ٹیم میں شمولیت متوقع ہے۔
ان کی غیر موجودگی کے باوجود، 42 سالہ کھلاڑی واٹس ایپ کے ذریعے ٹیم کے باؤلر کے ساتھ اپنا انمول تجربہ شیئر کر رہے ہیں۔
اس سے قبل 2022 میں، سابق کھلاڑی نے انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے دوران کلیدی کردار ادا کیا تھا، جس میں انہوں نے دو ٹیسٹ میچوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے8 وکٹ حاصل کی تھیں۔
جولائی میں اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد سے اینڈرسن انگلش گیند بازوں کے سرپرست رہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ مارک ووڈ اور اولی رابنسن جنہوں نے پاکستان کے خلاف پچھلی سیریز کے دوران مشترکہ 17 وکٹ لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، وہ آئندہ ٹیسٹ سیریز میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ اولی اسٹون میچ کے پانچویں روز روانہ ہوں گے کیونکہ اگلے ہفتے ان کی شادی ہو رہی ہے۔
ادھر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔