جنوبی افریقہ سیریز کے لیے راشد خان کی افغانستان ٹیم میں واپسی
اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسپنر راشد خان کو رواں ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے افغانستان کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
لیگ اسپنر بھارت میں نیوزی لینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ نہیں کھیل سکے، اس کی وجہ ان کوآرام کرنے کے طبی مشورے ہیں نومبر میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد راشد خان کی کمر کی سرجری ہوئی تھی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے کہا کہ راشد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے لیکن اوپنر ابراہیم زدران شارجہ میں ہونے والی سیریز سے محروم رہیں گے۔
اے سی بی نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ افغانستان کو اپنے ہمہ وقت کے عظیم ترین اسپنر راشد کی خدمات حاصل ہوں گی لیکن شاندار اوپنر زدران کو بائیں ٹانگ میں ٹخنے میں موچ آنے کی وجہ سے باہر کر دیا گیا۔
ایک اور اسپنر، مجیب الرحمان، انگلی کی موچ سے اب بھی صحت یاب ہو رہے ہیں۔
اسکواڈ کی قیادت حشمت اللہ شاہدی کریں گے، جبکہ ڈومیسٹک ون ڈے مقابلوں میں زبردست کھیلنے والے بلے باز درویش رسولی اور عبدالمالک کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز 18 سے 22 ستمبر تک شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
جنوبی افریقہ سیریز کے لیے افغانستان کا سکواڈ: حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمت شاہ، رحمن اللہ گرباز، اکرام علی خیل، عبدالمالک، ریاض حسن، درویش رسولی، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، گلبدین نائب، راشد خان، ننگیالیہ کھروٹے، اللہ محمد غضنفر، فضل الحق فاروقی، بلال سمیع، نایاب زدران، فرید احمد۔