اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو یوئیفا چیمپیئنز لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے پر انہیں یوئیفا (یورپی فٹ بال ایسوسی ایشنز) کے صدر الیگزینڈر سیفرین کی طرف سے اعزاز سے نوازا جائے گا۔ یہ تقریب موناکو میں جمعرات کو 36 ٹیموں کے لیگ مرحلے کے لیے قرعہ اندازی کے دوران ہوگی۔
یورپ میں رونالڈو نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور یووینٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 183 میچوں میں 140 گول اسکور کئے۔ انہوں نے پانچ بار چیمپیئنز لیگ کی ٹرافی اپنے نام کی ،ایک بار مانچسٹر یونائیٹڈ (2008) کے ساتھ اور چار بار ریئل میڈرڈ کے ساتھ (2014، 2016، 2017، 2018)۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ رونالڈو تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے چیمپئنز لیگ کے تین مختلف فائنلز میں گول کیا ہے۔
یوئیفا کے صدر الیگزینڈر سیفرین نے چیمپئنز لیگ میں رونالڈو کی ایک اہم شخصیت کے طور پر تعریف کی، اس کے شاندار گول اسکورنگ ریکارڈز اور مستقبل کے کھلاڑیوں پر ان کے دیرپا اثرات کو تسلیم کیا۔