اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جاری مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں پاکاستانی فائٹرذیشان اکبر کو کرغزستان کے فائٹر نے جونئیر بنٹم ویٹ کیٹیگری میں شکست دے دی فائٹ کے تین راونڈ مکمل ہونے کے بعد ذیشان اکبر کو ججز کے مشترکہ فیصلے کے بعد ناکام قرار دیا تاہم ذیشان اکبر سلور میڈل کے حقدار قرار پائے ۔
اس کے علاوہ جونئیرز فلائی ویٹ کی 56.7 کلوگرام کیٹگری میں تاجکستان کے یعقوب جان سفروو نے پاکستانی حریف عبدالمنان کو تیسرے راؤنڈ میں شکست دی اور گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ عبدالمنان نے سلور میڈل حاصل کیا ۔ سلور میڈل جیتنے والے ذیشان اکبرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ :۔
ججز کے فیصلے سے خوش ہوں میرا کام گیم دکھانا ہے ، میرا حق نہیں بنتا کہ ججز کے فیصلے پر اعتراض کروں ،میرا کام جو تھا وہ رنگ کے اندر کر دیا اب میں خوش ہوں گولڈ میڈل یا سلور سے کوئی فرق نہیں پڑتا ،آگے مقابلے کے لیے اپنی کوتاہیاں دور کرکے مزید مضبوطی سے کم بیک کرونگا ۔
چیمپیئن شپ کے فائنل میں سیکرٹری ڈی ایچ اے بریگیڈیئر ریٹائرڈ حافظ محمد اظہر نے بھی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے ۔
دوسری جانب مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن کے ویمنز فائنل مقابلوں میں پاکستانی فائٹر بانو بٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا ،پاکستانی فائٹر بانو بٹ نےسینئیر ایٹم ویٹ کی 47.6کلوگرام کیٹگری میں قازقستان کی فائٹر گلناز کو شکست دی۔
یاد رہے پاکستان کی جانب سے اب تک واحد گولڈ میڈل بانو بٹ نے جیتا ہے ۔