اکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابی عمل میں اہم پیش رفت ہوگئی، پاکستان فٹبال ریفری ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا انتخاب مکمل ہوگیا۔ محمد شفیق صدر، وحید مراد سینئر نائب اور امتیاز علی شاہ نائب صدر اور سعید خان سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے،تمام عہدیداروں کا بلامقابلہ انتخاب ہوا،دیگر منتخب ارکان میں خزانچی عرفان اسلم، اسسٹنٹ سیکریٹری ارسلان شریف، ارکان محمد اشرف، قیصر علی اور محمد ارسلان شریف شامل ہیں۔ نومنتخب صدر محمد شفیق نے کہا ہے کہ طویل تعطل کے بعد پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال ہونا خوش آئند ہے، قومی ٹیموں کو تسلسل کے ساتھ انٹرنیشنل میچز میں شرکت کے مواقع میسر آرہے ہیں،تاریخ میں پہلی پاکستان ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوسرے راو¿نڈ کیلئے کوالیفائی کیا ہے، پی ایف ایف کے انتخابات کیلئے حوصلہ افزا پیش رفت ہورہی ہے، امید ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی اپنے مینڈیٹ کو پورا کرتے ہوئے پاکستان فٹبال کی درست سمت معین کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
سینئر نائب صدر وحید مراد نے کہا کہ انتخابات میں پی ایف ایف مبصر کی موجودگی سے مہر تصدیق ثبت ہوگئی، امید ہے کہ اسی شفافیت کے ساتھ فیڈریشن کا انتحابی عمل مکمل ہوگا۔نو منتخب جنرل سیکرٹری سعید خان نے کہا کہ ریفری برادری کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، فٹبال میں ریفرینگ کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،اپنا فرض سمجھ کر اس کا معیار بلند کرنے کیلئے کام کریں گے۔